ممبئی میں مال کے اندر قائم ہسپتال کے کورونا سینٹر میں آ گ لگ گئی ، ہلاکتیں

ممبئی.ممبئی میں واقع ڈریم مال میں قائم سن رائز ہسپتال کے کورونا سینٹر میں آتشزدگی کے نتیجے میں دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد کو باہر نکال لیا گیاہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں مال کی بالائی منزل پر ہسپتال کی جانب سے کورونا مریضوں کے علاج کے لیے وارڈ بنایا گیا تھا جہاں گزشتہ رات اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جب کہ عمارت میں پھنسے مریضوں اور دیگر افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے امدادی کام شروع کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مال کے نچلے حصے میں قائم دکان میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی، کووڈ سینٹر میں موجود 76 مریضوں میں سے 73 کو بحفاظت دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا جب کہ آگ بجھانے کے لیے اب بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں صرف 2 افراد کورونا کی وجہ سے ہلاک ہوئے، آتشزدگی کا ہلاکتوں سے کوئی تعلق نہیں جب کہ میئر ممبئی کا کہنا ہے کہ پہلی بار کسی مال کے اوپر ہسپتال دیکھا ہے تاہم واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں