وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی2 روزہ دورے پر مصر چلے گئے

اسلام آباد. وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مصر کے دورے پر چلے گئے، وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک میں معاشی تعاون کے فروغ کیلئے امکانات موجود ہیں۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مصر کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہوگئے، اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ مصر کے تاجروں اور وہاں مقیم پاکستانی برادری سے ملاقات کریں گے۔

مصر روانگی سے قبل وزیر خارجہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اپنے ہم منصب کی دعوت پر مصر جارہے ہیں، مصر مسلم امہ کا اہم ملک اور افریقہ کیلئے گیٹ وے ہے۔ افریقی ممالک سے تجارتی تعلقات حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں معاشی تعاون کے فروغ کیلئے امکانات موجود ہیں، تعلیمی شعبے میں استفادے کیلئے جامعہ الازہر کا دورہ کرنے کی خواہش ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان برادرانہ مراسم کے حوالے سے مصر کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور مصر کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، دو طرفہ تعلقات یکساں عقیدے، تہذیب اور اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں