’بہت جلد تینوں فارمیٹ کی ٹاپ تھری ٹیموں میں شامل ہو جائیں گے‘

لاہور . پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ تینوں فارمیٹ کی ٹاپ تھری ٹیموں میں شامل ہونا چاہتے ہیں اور اس کیلئے بہتری کی جانب بھی گامزن ہیں، امید ہے جلد یہ ہدف حاصل کر لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق مصباح الحق نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ میں چند اہم مواقع ہاتھ سے نکلنے اور ڈراپ کچز کی وجہ سے توقعات کے مطابق نتائج حاصل نہیں ہو سکے، بہرحال فائٹنگ سپرٹ کی جھلک ضرور نظر آئی، جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز میں کھلاڑیوں نے مشکل صورتحال سے ابھر کر چیلنج پر پورا اترتے ہوئے فتح کا مشن مکمل کیا۔

سابق کپتان نے کہا کہ ایک عرصہ سے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کوشش کررہے تھے کہ باؤلر آرڈر ٹوٹل میں 70 یا 80 اہم رنز کا اضافہ کرنے کے قابل ہو جائے، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور آل راﺅنڈر فہیم اشرف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ اوپنرز کی کارکردگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے لیکن دستیاب اوپنرز کو بیکار کرکے نہیں پھینک دینا۔ ایک سوال کے جواب میں مصباح الحق نے کہا کہ بورڈ کل کو کیا فیصلہ کرتا ہے یا زندگی میں کیا ہونے والا کوئی نہیں جانتا، ہمارے بس میں کوشش اور محنت ہے جو ضرور کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں