’ہر گیند پر چھکا نہیں لگانا‘ محمد یوسف نے کن بلے بازوں کو یہ ہدایات جاری کی ہیں؟

لاہور . پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچ محمد یوسف نے قومی ٹی 20 سکواڈ کے تربیتی کیمپ میں کرکٹرز کو بیٹنگ کے گر سکھا دئیے اور کھلاڑیوں کو ہر گیند پر چھکا نہ لگانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کے دوسرے روز سابق کپتان نے کھلاڑیوں کو باﺅلرز کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کا کہا، شام چھ بجے کے بعد میدان کا رخ کرنے والے گرین شرٹس نے فزیکل ٹریننگ کے بعد فیلڈنگ کا بھرپور سیشن کیا، اونچے کیچ پکڑنے کے بعد وکٹوں کو نشانہ بنانے کی مشق بھی ہوئی جبکہ نیٹ سیشن میں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور خوب پریکٹس کی۔

ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچ محمد یوسف نے پریکٹس ختم ہوتے ہی تمام بیٹسمینوں کو ایک جگہ جمع کر کے ہر گیند پر چھکا لگانے کی کوشش سے گریز کرنے کا کہا۔ انہوں نے باﺅلرز کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خراب گیندوں کو نشانہ بنانے کی ہدایت دی، خوشدل شاہ اور آصف علی یوسف کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے، بعد ازاں انہوں نے گھاس پر اچانک اچھالی جانے والی گیندوں پر پاور ہٹنگ کی مشق بھی کروائی، اس وقت بیس بال جیسا ماحول نظر آیا۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم نے بھی بھرپور ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فاسٹ باﺅلرز اور سپنرز کے ساتھ تھرو ڈاﺅن باﺅلنگ کا سامنا بھی کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھلی جائے گی جس کیلئے دونوں ٹیمیں تیاریاں کر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں