قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ’پریشان‘ کر دیا، پہلی اننگز میں کتنے رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور برتری کتنی ہے؟ زبردست خبر آ گئی

کراچی .پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں 378 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی ہے اور اسے پروٹیز کے خلاف 158 رنز کی برتری ملی ہے، فواد عالم نے سب سے زیادہ 109 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف نے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کے حسن علی اور نعمان علی نے 308 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو 323 کے مجموعی سکور پر حسن علی 21 رنز بنا کر کاگیسو ربادا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے جبکہ 378 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی آخری وکٹ گری اور ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی 24 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے فواد عالم نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 109 رنز کی اننگز کھیلی اور سب سے نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اظہر علی 51، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 33، فہیم اشرف 64، عمران بٹ نو، عابد علی چار، بابراعظم سات، شاہین آفریدی صفر اور یاسر شاہ 38 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے تمام باؤلرز نے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم فاسٹ باؤلر کاگیسو ربادا اور سپنر کیشو مہاراج نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ لونگی نگیڈی اور اینرچ نورٹجے نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی باؤلرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروٹیز کو پہلی اننگز میں 220 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ یاسر شاہ نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیبیو میچ کھیلنے والے نعمان علی نے دو شکار کئے۔

جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 30 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی کامیابی دلاتے ہوئے ایڈن مارکرم کو پویلین کی راہ دکھا دی، وہ 16 گیندوں پر 13 رنز بنا کر عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

پروٹیز کی دوسری وکٹ 63 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب ریسی وینڈرڈوسن نے فہیم اشرف کی گیند پر بھاگ پر رن لینے کی کوشش کی مگر دوسرے اینڈ پر موجود ڈین ایلگر نے ان کی کال کو مسترد کر دیا جس پر انہیں آدھی وکٹ سے واپس جانا پڑا تاہم اس سے پہلے ہی محمد رضوان نے بابراعظم کی زبردست تھرو پکڑتے ہوئے انہیں رن آؤٹ کر دیا، وہ 30 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا سکے۔

ڈین ایلگر اور فاف ڈوپلیسی نے چائے کے وقفے کے بعد 94 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو 108 کے مجموعی سکور پر لیگ سپنر یاسر شاہ نے قومی ٹیم کو تیسری اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے فاف ڈوپلیسی کو محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ وہ 46 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ ڈیبیو ٹیسٹ میچ کھیلنے والے نعمان علی نے بھی اپنی مہارت کے جوہر دکھائے اور 133 کے مجموعی سکور پر کپتان کوینٹن ڈی کوک کو پویلین کی راہ دکھائی اور پھر مجموعی سکور میں محض تین رنز کے اضافے کے بعد ہی ڈین ایلگر کو بھی آؤٹ کر دیا، دونوں کھلاڑی بالترتیب 15 اور 58 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

مہمان ٹیم کی چھٹی وکٹ 179 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب ٹیمبا باووما 17 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ چائے کے وقفے کے بعد پروٹیز کی جانب سے کیشو مہاراج اور جارج لینڈے نے اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی سکور میں بغیر کسی اضافے کے یاسر شاہ نے کیشو مہاراج کو صفر کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر دیا۔ 194 کے مجموعی سکور پر جارج لینڈے کی مزاحمت بھی جواب دے گئی جو 35 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لونگی نگیڈی تھے جنہوں نے آٹھ رنز بنائے اور شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے تمام باؤلرز نے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم لیگ سپنر یاسر شاہ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیبیو میچ کھیلنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں ، حسن علی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں