امریکی صدر ٹرمپ نے ملالہ ایجوکیشن ایکٹ پر دستخط کردیے

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملالہ ایجوکیشن ایکٹ پر دستخط کردیے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اب اعلیٰ تعلیم کے سکالر شپ پروگرام میں 50 فیصد تعلیمی وظائف پاکستانی خواتین کو ملیں گے۔

پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے نام پر امریکی ایوان نمائندگان نے بل گزشتہ سال مارچ میں ہی منظور کرلیا تھا۔ ماہ رواں کے اوائل میں سینیٹ نے بھی بل کی حتمی منطوری دے دی تھی۔

امریکی قواعد و ضوابط کے تحت سکالر شپ بل کو حتمی منظوری کے لیے صدر ٹرمپ کے پاس بھیجا گیا تھا جنہوں نے اب اس ایکٹ پر دستخط کر دیے ہیں۔ امریکی صدر کی جانب سے دستخط کیے جانے کے بعد بل قانون کی شکل اختیار کرگیا ہے۔

ملالہ یوسف زئی خود پر ہونے والے حملے کے بعد سے برطانیہ میں مقیم ہیں۔ ملالہ یوسف زئی نے آکسفرڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرلی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں