’ہمیں پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں‘ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا شاندار اعلان

جوہانسبرگ .جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پاکستان میں سیکیورٹی کی فکر سے آزاد ہوگئے جس کے ہیڈ کوچ مارک باﺅچر نے کہا ہے کہ ہمارے ماہرین نے صورتحال کو ٹیم کیلئے محفوظ قرار دیا ہے اور ہم وہاں دوبارہ سے کرکٹ کھیلنا شروع کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 2007 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آ رہی ہے جو 16 جنوری بروز اتوار کراچی پہنچے گی اور اپنے دورے کے دوران ٹیسٹ اور ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 جنوری سے کراچی میں شیڈول ہے جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ راولپنڈی اور ٹی 20 میچز کی سیریز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی، پروٹیز کو پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی بھی فکر نہیں اور اس بات کی تصدیق خود ہیڈ کوچ مارک باﺅچر نے بھی کردی ہے۔

مارک باﺅچر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے سیکیورٹی ماہرین پاکستان گئے اور صورتحال کا اچھی طرح جائزہ لینے کے بعد اسے ہمارے لئے محفوظ قرار دیا ہے اس لئے سیکیورٹی ہمارے لئے کوئی ایشو نہیں ہے، ہم وہاں جاکر دوبارہ سے کرکٹ کھیلنا شروع کریں گے۔باﺅچر نے 1997ءمیں پاکستان میں ہی ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد شاندار کیریئر کے دوران 147 میچز کھیلے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر ایشیائی ممالک کی بانسبت پاکستانی کنڈیشنز ہماری ٹیم کیلئے زیادہ موزوں ہیں، اگرچہ یہ مشکل ضرورہے مگر ان وکٹوں پر پاکستان باقاعدگی سے اچھے فاسٹ باﺅلرز متعارف کروا رہا ہے جو ریورس سوئنگ کرتے ہیں، وہاں پر وکٹیں فلیٹ ہیں لیکن آپ اگر اپنی مکمل صلاحیت سے کھیلے تو بہت رنز بنا سکتے ہیں۔

مارک باﺅچر نے کوچنگ سٹاف میں جیک کیلس کی بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ واپسی کی بھی امید ظاہر کر دی، سابق آل راﺅنڈر نے انگلینڈ کے ساتھ مختصر مدت کا معاہدہ کیا تھا تاہم باﺅچر کا کہنا ہے کہ میں بڑی شدت سے ان کی اپنی ٹیم میں واپسی کا خواہاں ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں