عمران خان کا تدفین سے قبل کوئٹہ کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ لیکن دراصل یہ فیصلہ کس کا تھا اور وزراء نے کیا تجویز دی تھی؟ تہلکہ خیز انکشاف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکومت اور ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور وزیراعظم کی آج کوئٹہ آمد متوقع ہے لیکن گزشتہ روز وزیراعظم نے واضح کیا تھا کہ تدفین کے بعد ہی وہ کوئٹہ جائیں گے اور مطالبات مانے جانے کے بعد اس طرح کسی بھی ملک کے وزیراعظم کو بلیک میل نہیں کیا جاسکتا ، اب سینئر صحافی انصار عباسی نے انکشاف کیا کہ وفاقی وزراء کی اکثریت نے وزیراعظم کو ہزارہ کمیونٹی کا دکھ بانٹنے اور دورہ کرنے کا مشورہ دیا تھا لیکن تدفین سے قبل کوئٹہ نہ جانے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کا اپنا ہے ۔

روزنامہ جنگ میں انصار عباسی نے لکھا کہ جمعہ کو چار وفاقی وزراء سے بات چیت کی اور سب کی رائے تھی کہ وزیراعظم کو کوئٹہ کا دورہ کرنا چاہئے اور احتجاج کرنے والے ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا چاہئے تاکہ مقتولین کی تدفین ہو سکے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ان وزراء کا کہنا تھا کہ تدفین سے قبل کوئٹہ کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کا اپنا فیصلہ ہے۔ان وزراء کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی اٹھایا گیا تھا اور وزراء کی اکثریت نے وزیراعظم عمران خان کو تجویز دی کہ وہ کوئٹہ چلے جائیں۔

ان چار میں سے دو وزراء نے بتایا کہ ابتدائی طور پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ کچھ دن انتظار کریں تاہم، ان وزراء میں سے ایک نے اس نمائندے کو بتایا کہ بعد میں وزارت داخلہ کی طرف سے بھی وزیراعظم کو مشورہ دیا گیا کہ وہ احتجاج کرنے والے ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں سے جا کر ملاقات کر لیں۔

ایک اور وزیر کا کہنا تھا کہ کچھ معاملات میں جب وزیراعظم اپنی رائے قائم کر لیتے ہیں تو وہ اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کرتے۔ ایک وزیر کا کہنا تھا کہ ’’بدقسمتی سے اس معاملے میں انہوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ مقتولین کی تدفین سے قبل کوئٹہ نہیں جائیں گے۔‘‘

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز تدفین سے قبل کوئٹہ نہ جانے کا اعلان کیا تھا اور بعد ازاں وفاقی وزیر علی حیدر زیدی نے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ مظاہرین کیساتھ سب پر اتفاق ہوگیا ہے ۔ انصار عباسی کے مطابق مذکورہ چار وفاقی وزراء میں سے ایک نے تصدیق کی کہ علی زیدی نے کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے کوئٹہ جا کر ہزارہ کمیونٹی والوں سے ملاقات کرنے کی رائے کی حمایت کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں